لاہور( اباسین خبر)وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے رمضان پیکج میں سرکاری افسران کی جانب سے فراڈ کا انکشاف ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، رمضان نگہبان پیکج کے پیسے سرکاری افسران نے خود ہڑپنے کی کوشش کی۔ پولیس نے 2 سرکاری ملازمین سمیت تین ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد رقم برآمد ہوئی جو وہ کیش کروا چکا تھا۔ ایف آئی آر کے مطابق، ملزمان نے 17 چیک فراڈ کرکے کیش کروائے، جبکہ 92 چیک ابھی تک کیش نہیں ہوئے تھے۔اے سی شالیمار اور آر او صابر علی کی کاروائی کے بعد ملزم کو حراست میں لے کر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ ملزمان کو گرفتار کر کے تھانہ ہربنس پورہ میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر ڈاکٹر رضوان کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔رمضان پیکج کے تحت مستحق افراد کو فی کس 10 ہزار روپے کے بینک ڈرافٹ ملنے تھے، لیکن ملزمان نے یہ چیک مستحق افراد تک پہنچانے کی بجائے خود ہڑپ کرنے کی کوشش کی۔ ملزمان میں سرکاری ملازمین حافظ عبدالرحمان، معظم علی اور ایک شہری مصور علی شامل ہیں۔
وزیراعلی پنجاب کے رمضان پیکج میں فراڈ کا انکشاف، 2 سرکاری افسران گرفتار
1