کوئٹہ ( اباسین خبر)کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر گزشتہ روز بولان میں دہشت گردوں کے حملے کے بعد سے سیکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے۔ آپریشن میں اب تک 155 یرغمال مسافروں کو بازیاب کر لیا گیا ہے جبکہ 27 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 37 زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے۔ دہشت گردوں نے خودکش بمباروں کو یرغمالی مسافروں کے ساتھ بٹھا رکھا تھا، جنہوں نے عورتوں اور بچوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کیا۔ اس وجہ سے سیکیورٹی فورسز آپریشن میں احتیاط برت رہی ہیں۔ دہشت گردوں نے 3 مختلف جگہوں پر عورتوں اور بچوں کو یرغمال بنا رکھا ہے۔رہا کرائے گئے ایک مسافر نے بتایا کہ فائرنگ کے دوران فوج اور ایف سی کے اہلکاروں نے انہیں بحفاظت بازیاب کر کے وہاں سے نکالا۔ مسافر کا کہنا تھا کہ “اللہ کا شکر ہے کہ فوج اور ایف سی اہلکار ہمیں بحفاظت یہاں لے آئے۔”سانحے کے بعد راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر معلومات کے لیے ہیلپ ڈیسک قائم کر دی گئی ہے۔ ڈی ایس نور الدین داوڑ نے بتایا کہ کسی بھی مسافر کی معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں، اور ہیلپ ڈیسک پشاور اور کوئٹہ کنٹرول سے رابطے میں ہے۔
جعفر ایکسپریس پر دہشتگردوں کے حملے کے بعد آپریشن جاری، 155 یرغمالی بازیاب، 27 دہشت گرد واصل جہنم
3