نیویارک( مانیٹرنگ ڈیسک)اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی دہشت گرد تنظیموں کے لیے پناہ گاہ کا کام کر رہی ہے۔سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں منیر اکرم نے کہا کہ افغان عبوری حکومت خطے اور عالمی امن کے لیے خطرات سے نمٹنے میں ناکام رہی ہے، اور ٹی ٹی پی افغانستان میں سرگرم سب سے بڑی دہشت گرد تنظیم ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹی ٹی پی پاکستان پر حملے کر رہی ہے جن میں فوجی، شہری اور ریاستی ادارے نشانہ بنے، اور ان حملوں میں سیکڑوں جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔منیر اکرم نے مزید کہا کہ القاعدہ، ٹی ٹی پی، بی ایل اے اور مجید بریگیڈ جیسی تنظیمیں خطے کو نقصان پہنچا رہی ہیں، اور کابل حکام ان حملوں کی سرپرستی کر رہے ہیں۔ پاکستان دہشت گردی کے خطرات کے خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔انہوں نے بتایا کہ افغانستان میں 20 سے زائد دہشت گرد تنظیمیں موجود ہیں جو خطے اور دنیا کے لیے خطرہ ہیں اور سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ پاکستان اقوام متحدہ میں انسداد دہشت گردی کے لیے مشاورت شروع کرے گا اور دوحہ عمل کے تحت ورکنگ گروپ قائم کیا جائے گا۔اس کے علاوہ، منیر اکرم نے سلامتی کونسل کو پاک افغان سرحد سے داعش دہشت گرد محمد شریف اللہ کی گرفتاری سے بھی آگاہ کیا۔
افغانستان میں 20 سے زائد دہشت گرد تنظیمیں موجود ہیں جو دنیا کیلئے خطرہ ہیں: منیر اکرم
6