لاہور( اباسین خبر)سیکریٹری زراعت پنجاب، افتخار علی نے کہا ہے کہ صوبے میں کسانوں کو جدید نظامِ آبیاری کی تنصیب پر 70 فیصد سبسڈی دی جا رہی ہے۔ یہ سبسڈی کسانوں کے لیے زرعی پیداوار بڑھانے کی حکومتی کوشش کا حصہ ہے۔محکمہ زراعت پنجاب کے شعبہ اصلاح آبپاشی اور عالمی بینک کے تعاون سے ایک تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں عالمی بینک کے سینئر واٹر ریسورس اسپیشلسٹ، فرانکوئیس اونیمس نے بھی شرکت کی۔ ورکشاپ میں پنجاب میں زرعی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔افتخار علی نے بتایا کہ عالمی بینک اس منصوبے کے لیے 67 ارب روپے کی مالی اعانت فراہم کر رہا ہے، جبکہ پنجاب حکومت منصوبے کے لیے 9 ارب روپے سے زائد کی رقم فراہم کر رہی ہے۔اس منصوبے کے تحت پنجاب میں 40 ہزار ایکڑ رقبے پر جدید نظامِ آبیاری نصب کیا جائے گا اور 70 فیصد سبسڈی کے ساتھ کسانوں کی مالی معاونت کی جائے گی۔ مزید یہ کہ پنجاب میں ایک ہزار نہروں کو پختہ کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔
پنجاب میں کسانوں کو جدید نظامِ آبیاری کے لیے 70 فیصد سبسڈی فراہم کی جارہی ہے:سیکریٹری زراعت
1