نیواورلینز( مانیٹرنگ ڈیسک)اسپیس ایکس نے سنیتا ولیمز اور بوچ ولمور کی خلا سے واپسی کے مشن کو ایک تکنیکی خرابی کے باعث ملتوی کر دیا ہے۔ فالکن 9 راکٹ کی لانچ کو اس وقت روک دیا گیا جب محض ایک گھنٹہ باقی تھا۔یہ راکٹ ان چار خلا بازوں کو لے کر جانے والا تھا جو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) پر ناسا کے پھنسے ہوئے خلا باز سنیتا ولیمز اور بوچ ولمور کی جگہ لینے والے تھے۔ناسا اور اسپیس ایکس نے بتایا کہ کریو-10 مشن کی روانگی ایک تکنیکی خرابی کی وجہ سے منسوخ کر دی گئی۔ ناسا کے کینیڈی اسپیس سینٹر کے لانچ کمپلیکس 39A پر فالکن 9 راکٹ کے گرانڈ سپورٹ کلیمپ آرم کے ہائیڈرولک سسٹم میں مسئلہ پیدا ہو گیا تھا، جس کے نتیجے میں راکٹ کو اڑانے کا منصوبہ ترک کرنا پڑا۔لانچ کی منسوخی کے بعد ناسا کے خلا باز این مک کلین اور نیکول ایئرز، جاپانی اسپیس ایجنسی (JAXA) کے خلا باز تاکویا اونیشی اور روسی خلا باز کیریل پسکوف کو ڈریگن اسپیس کرافٹ سے بحفاظت نکال لیا گیا۔اگر سب کچھ منصوبے کے مطابق چلتا تو اسپیس ایکس کا کریو ڈریگن مشن 19 مارچ تک سنیتا ولیمز اور بوچ ولمور کو بحفاظت زمین پر واپس لے آتا۔ناسا اور اسپیس ایکس کی ٹیمیں اس تکنیکی مسئلے کو حل کرنے میں مصروف ہیں اور جلد ہی ایک نیا لانچ شیڈول جاری کیا جائے گا۔
اسپیس ایکس کا مشن ملتوی، سنیتا ولیمز اور بوچ ولمور کی خلا سے واپسی میں تاخیر
1