کراچی (اباسین خبر)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعلی ہائوس میں ایک تقریب کے دوران حکومت سندھ کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ اس تقریب میں صوبائی وزرا، مشیران، معاونین خصوصی، ارکانِ اسمبلی، بیوروکریٹس اور سول سوسائٹی کے نمائندے شریک ہوئے۔اپنے خطاب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے اپنے قیادت کے وژن کے مطابق ڈیجیٹلائیزیشن پر زور دیا ہے اور اس مقصد کے تحت کئی اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ہاری کارڈ کا اجرا کیا گیا جس کے ذریعے ہاریوں کو ڈیجیٹل طریقے سے رجسٹرڈ کیا گیا، اور اس اقدام سے کسانوں کو 28 ارب روپے کی مالی امداد فراہم کی گئی۔مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے گزشتہ ایک سال میں 196 نئی سڑکوں کی اسکیمز دیں اور 2500 کلومیٹر نئی سڑکیں بنائیں۔ اس کے علاوہ، سندھ حکومت کی 14 سرکاری عمارتوں کو سولرائز کیا گیا، جس سے ان عمارتوں میں بجلی کے استعمال میں 80 فیصد کمی آئی۔انہوں نے ہاسنگ کے شعبے میں بھی سندھ حکومت کی کارکردگی پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ پیپلز ہاسنگ منصوبے کے تحت 20 لاکھ ویلیڈیشن مکمل ہو چکی ہیں، اور 4 لاکھ گھروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔ اس منصوبے کو ورلڈ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے شفاف قرار دیا۔صحت کے شعبے میں کیے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے بتایا کہ سندھ حکومت نے معذور افراد کے لیے 90 ملین روپے کے سالانہ فنڈز فراہم کیے اور گمبٹ اسپتال میں 1185 لور ٹرانسپلانٹ کیے ہیں۔ اس کے علاوہ، جناح اسپتال میں تیسری سائبر نائیف لگائی گئی اور کراچی میں ٹراما سینٹر میں 13,000 سے زائد سرجریز کی گئیں۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت نے اپنی کارکردگی سے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور اقدامات کیے ہیں اور آئندہ بھی یہی کوششیں جاری رکھیں گے۔
تر قیاتی منصو بے،انقلابی اقدامات ، سندھ حکومت کی بھی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ منظر پر آ گئی
3