اسلام آباد( اباسین خبر)اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ سیشن عدالت میں پی ٹی آئی کے 26 نومبر احتجاج کے سلسلے میں 30 ملزمان کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل سیشن جج محمد افضل مجوکہ کی عدالت میں ملزمان کے وکیل انصر کیانی اور پراسیکیوٹر اقبال کاکڑ پیش ہوئے۔دوران سماعت، وکیل نے بتایا کہ مقدمہ میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی کا الزام ہے، جو صرف اسپیشل آفیسر کی طرف سے درج کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا ہے اور ان کے سامنے آنے پر ان کی شناخت کی جا سکتی ہے۔ جج نے استفسار کیا کہ اس کیس میں سیکشن سیون کب لاگو ہو گا، جس پر وکیل نے وضاحت دی کہ یہ سیکشن اس وقت لاگو ہو گا جب این او سی کے لیے درخواست دی جائے گی۔پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ دفعہ 144 نافذ تھی اور اس وقت احتجاج کیا جا رہا تھا جب دوسرے ملک کا وزیراعظم پاکستان آیا ہوا تھا۔ اس کے علاوہ اسٹیٹ کو اس حوالے سے دھمکیاں بھی ملیں۔عدالت نے ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے، جس کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
پی ٹی آئی 26 نومبر احتجاج؛ ملزمان کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ
8