کراچی ( اباسین خبر)کراچی میں اتوار کی صبح 11 بجے ہائی ٹینشن لائن میں ٹرپنگ کی وجہ سے شہر کے 23 گرڈ اسٹیشنز پر 400 سے زائد فیڈرز پر بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، جس سے شہر بھر میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کے تعطل کے بعد فوری طور پر بحالی کا کام شروع کیا گیا اور اب شہر میں بجلی کی فراہمی معمول پر آ چکی ہے۔تفصیلات کے مطابق بلدیہ، ایئرپورٹ، گارڈن، نارتھ کراچی، جیکب لائن، جیل روڈ، اورنگی، محمود آباد، کورنگی، ڈی ایچ اے، اولڈ گولیمار، ولیکا، ڈیفنس، ہاورن آباد، شادمان اور کلفٹن گرڈ سمیت متعدد گرڈ اسٹیشنز متاثر ہوئے، جن میں 400 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے تھے۔ڈی ایچ اے، سائٹ، کورنگی ساوتھ اور اولڈ ٹاون سمیت دیگر علاقوں میں بجلی کی فراہمی میں کئی گھنٹوں تک تعطل رہا، تاہم 2 گھنٹے بعد شہر کے بیشتر حصوں میں بجلی کی فراہمی بحال ہوگئی۔ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ چند محدود علاقوں میں بجلی کی فراہمی میں تعطل کی شکایات موصول ہوئیں، جو فوری طور پر دور کر دی گئیں۔ لسبیلہ اور بلدیہ میں بجلی کی فراہمی مکمل بحال ہو چکی ہے، اور شہر بھر میں بجلی کی سپلائی معمول کے مطابق ہے۔شہریوں کو مزید مدد کے لیے 118 یا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے رابطہ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
کراچی میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، 400 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے
1