چارسدہ ( اباسین خبر)جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عالمی سازشوں کے باوجود مدارس مضبوط ہو رہے ہیں، اور انگریزوں کی طرح مدارس کو ختم کرنے کی خواہش اب بھی موجود ہے۔چارسدہ میں خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسلام ایک مکمل نظام حیات ہے، جبکہ پاکستان سودی نظام میں ڈوبا ہوا ہے اور تمام ادارے اس پر چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس ڈمی اسمبلی میں بیٹھنے کی کوئی خواہش نہیں، ہمارے وسائل پر ہمارا اختیار ہے اور کوئی ہمیں یہ وسائل نہیں چھین سکتا۔مولانا نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کا فقدان ہے اور وہاں حکومت کا کوئی وجود نہیں، جس کے بغیر ملک نہیں چل سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمران معیشت کی بہتری کے جھوٹے دعوے کرتے ہیں، مگر وسائل کہاں سے آئیں گے؟مولانا فضل الرحمان نے صوبہ خیبر پختونخوا میں حکومتی غیاب اور نااہلی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ صوبے میں حکومت کا پتہ نہیں، اور وفاق میں بھی صورتحال کچھ مختلف نہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیاست کا مقصد آج صرف اقتدار کا حصول بن چکا ہے، اور خیبر پختونخوا میں مذہبی اقدار کو تباہ کرنے کے لیے این جی اوز کو استعمال کیا گیا ہے۔
عالمی سازشوں کے باوجود مدارس مزید مضبوط ہو رہے ہیں: مولانا فضل الرحمان
5