لاہور( اباسین خبر)پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان پر کرپشن ثابت ہو گئی ہے اور انہوں نے ملکی تاریخ کی سب سے بڑی ڈکیتی کی۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ 190ملین پانڈ کیس کا فیصلہ عدالت نے کیا ہے، نہ کہ ن لیگ نے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان مکافات عمل کا شکار ہیں، جو دوسروں کی کردارکشی کرتے تھے، خود سب سے بڑی کرپشن میں ملوث پائے گئے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے این سی اے کو خط لکھا، جس پر تحقیقات شروع ہوئیں، اور وہ اختیارات کا ناجائز استعمال کر کے چور ثابت ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام عمران خان کی اصل حقیقت جانتے ہیں اور یہ اوپن اینڈ شٹ کیس ہے، ان کو اپیل نہیں کرنی چاہیے۔لیگی رہنما نے کہا کہ نوازشریف کو بیٹے کی کمپنی سے تنخواہ نہ لینے پر ہٹایا گیا، لیکن ان پر کرپشن کا کوئی کیس ثابت نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت نے جبر کا حوصلے سے مقابلہ کیا اور ملکی معیشت بہتری کی طرف بڑھ رہی ہے۔
دوسروں کو چور چور کہنے والے پر کرپشن ثابت ہو گئی: مریم اورنگزیب
3