کو ئٹہ ( اباسین خبر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی کے حب جلسے میں دیے گئے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حب اور لسبیلہ کی ترقی میں جام خاندان کا کردار تاریخی اور ناقابلِ فراموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ حب ڈیم، حب انڈسٹریل زون، ماربل سٹی اور شپ بریکنگ انڈسٹری جیسے منصوبے بلوچستان میں معاشی ترقی کے لیے جام خاندان کی جانب سے کیے گئے اہم اقدامات ہیں۔جام کمال خان نے وزیر اعلی سرفراز بگٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تاریخ کے حقائق کو نظر انداز کرنا درست نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حب شہر کا صنعتی علاقہ جام خاندان کی ذاتی زمین پر قائم کیا گیا اور حب پاور پروجیکٹ، BOSICOR آئل ریفائنری جیسے منصوبے بھی جام خاندان کی کاوشوں کا نتیجہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر حکومت کو حب اور لسبیلہ کی بہتری کے لیے مزید اقدامات کرنے چاہئیں، اور اگر بعد کی حکومتیں جام خاندان کے منصوبوں کو محفوظ نہیں رکھ سکیں تو اس میں جام خاندان کا کیا قصور ہے۔جام کمال خان نے اس بات پر زور دیا کہ حب اور لسبیلہ کے عوام کی خدمت ہمیشہ جام خاندان کی ترجیح رہی ہے اور ان کی ترقی کے لیے مزید تعاون اور تسلسل کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کو برقرار رکھنا اور بہتر بنانا ہر حکومت کی ذمہ داری ہے، اور تاریخ کو نظر انداز کرنے کی بجائے خدمات کے حقائق کو تسلیم کرنا چاہیے۔
وزیراعلی سرفراز بگٹی تاریخ کو نظر انداز نہ کریں، جام کمال
5