کراچی ( اباسین خبر)امریکی جیل میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا طبی معائنہ کرنے والے پاکستانی پروفیسر اقبال آفریدی نے انکشاف کیا ہے کہ عافیہ صدیقی شدید ذہنی دبا کا شکار ہیں اور ان کی صحت کے پیچیدہ مسائل ہیں۔پاکستان کے ذہنی امراض کے ماہر، پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال آفریدی نے ایکسپریس ٹربیون سے خصوصی بات چیت میں کہا کہ عافیہ صدیقی کی آئندہ چند روز میں رہائی کا امکان ہے، تاہم انہیں شدید ذہنی اور جسمانی مسائل کا سامنا ہے۔پروفیسر آفریدی نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی باقی سزا معاف کرکے انہیں 20 جنوری تک رہا کر دیں گے۔ اگر جوبائیڈن نے رہائی نہ دی تو پاکستانی حکومت دوبارہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بات چیت کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ حکومتی سطح پر تین رکنی پاکستانی وفد امریکا گیا تھا، جس میں وہ خود بھی شامل تھے۔ وفد کا مقصد امریکی صدر سے ملاقات کرکے عافیہ صدیقی کی رہائی کی درخواست کرنا تھا، مگر ویزا پروسیس میں تاخیر کے باعث یہ ملاقات ممکن نہ ہو سکی۔ تاہم، وفد نے متعدد امریکی سینیٹرز اور دفتر خارجہ سے ملاقاتیں کیں اور موقف اختیار کیا کہ عافیہ صدیقی کو رہا کیا جائے۔پروفیسر آفریدی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے بھی امریکی حکام کو خط لکھا تھا، جس میں درخواست کی گئی کہ عافیہ صدیقی کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہا کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر امریکا ڈاکٹر عافیہ کو انسانی ہمدردی کے تحت رہا کر دے گا، تو اس سے امریکی عوام میں امریکا کی ساکھ میں بہتری آئے گی، اور پاکستان سمیت دنیا بھر کے 2 ارب مسلمانوں میں امریکہ کا امیج بہتر ہو جائے گا۔
ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو صحت کے پیچیدہ مسائل کا سامنا ہے، پاکستانی پروفیسر کا انکشاف
1