پشاور( اباسین خبر)لوئر کرم کے علاقے بگن میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود کی جگہ محمد اشفاق کو نیا ڈپٹی کمشنر تعینات کر دیا گیا ہے۔ خیبر پختونخوا کے اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز لوئر کرم میں نامعلوم افراد کی جانب سے سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، جس میں ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود اور تین سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے تھے۔ فائرنگ میں جاوید اللہ محسود کو کندھے اور ٹانگوں میں گولیاں لگیں اور انہیں فوری طور پر تحصیل لوئر علیزئی اسپتال منتقل کیا گیا۔واقعے کی تحقیقات کے بعد محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) میں مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اور پولیس نے پانچ افراد کو نامزد کیا ہے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق، یہ حملہ اس وقت ہوا جب کرم میں امدادی سامان پر مشتمل قافلہ روانہ ہو رہا تھا۔
ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود تبدیل، محمد اشفاق نئے ڈی سی تعینات
7