کراچی( اباسین خبر)محکمہ تعلیم سندھ نے نجی اسکولوں کو طلبہ سے ایڈوانس اضافی فیس نہ لینے کی ہدایت کی ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف انسپیکشن اینڈ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز نے اس سلسلے میں مراسلہ جاری کیا۔والدین اور طلبہ کی مالی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے، میٹرک کے طلبہ سے صرف اپریل تک کی ٹیوشن فیس وصول کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر رجسٹریشن پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ، رفعیہ جاوید نے کہا کہ 23 دسمبر 2024 کو جاری کردہ سرکلر میں اسٹیرنگ کمیٹی کے فیصلوں کے مطابق، 2025 میں میٹرک کے امتحانات میں شرکت کرنے والے طلبہ سے صرف اپریل تک کی فیس وصول کی جائے گی۔مراسلے کے مطابق، پری پرائمری سے لیکر نویں کلاس تک کے طلبہ اور وہ طلبہ جو 2025 میں نویں سے دسویں کلاس میں پروموٹ ہوں گے، انہیں جون اور جولائی کی فیسوں کے واوچرز اپریل میں جاری کیے جائیں گے، جو جون اور جولائی تک قابل ادا ہوں گے۔تمام نجی اسکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان ہدایات پر مکمل عمل کریں، خلاف ورزی کرنے والے اسکولوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
سندھ میں نجی اسکولوں کو طلبہ سے ایڈوانس اضافی فیس نہ لینے کی ہدایت
1