پشاور( اباسین خبر)مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ گرینڈ جرگے کے معاہدے کے مطابق کرم میں ہر حال میں امن کو یقینی بنایا جائے گا اور امن دشمنوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر پر حملہ امن کو سبوتاژ کرنے کی ناکام سازش تھی، کرم کے عوام امن دشمن عناصر سے ہوشیار رہیں اور علاقے میں پائیدار امن کے لیے انتظامیہ اور حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ وزیراعلی نے اس واقعے کا سختی سے نوٹس لیا ہے اور ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔ سیکورٹی خدشات کے پیش نظر قافلے کو وقتی طور پر روک دیا گیا ہے اور کلیئرنس ملنے کے بعد اسے روانہ کیا جائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے اعلی حکام نے بگن واقعے پر کرم امن معاہدے کی خلاف ورزی کا ذمہ دار علاقے کے لوگوں کو قرار دیتے ہوئے ملوث افراد کے سروں کی قیمت مقرر کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور ان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا حکم دیا تھا۔وزیراعلی علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت رات گئے صوبائی حکومت کے اعلی حکام کے ہنگامی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ امن معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی اور دہشت گردوں کی سروں کی قیمت مقرر کر کے ان کا قلع قمع کیا جائے گا۔یاد رہے کہ بگن میں گزشتہ روز فائرنگ کے واقعے میں ڈپٹی کمشنر سمیت 6 افراد زخمی ہوئے، جن میں 3 راہ گیر، ایک ایف سی اہلکار اور ایک پولیس اہلکار شامل تھے۔
کرم میں امن دشمنوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائےگا، بیرسٹر سیف
7