میلبرن( سپورٹس ڈیسک)آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں میلبرن اسٹارز کے بیٹر ہلٹن کارٹ رائٹ نے شائقین کرکٹ کو حیران کن لمحہ فراہم کیا جب انہوں نے 121 میٹر کا چھکا مارا۔میلبرن کے تاریخی کرکٹ گرانڈ میں کھیلے گئے بگ بیش لیگ کے 23ویں میچ میں رینیگیڈز اور اسٹارز کی ٹیمیں مدمقابل تھیں، جہاں میزبان ٹیم کے کھلاڑی ہلٹن کارٹ رائٹ نے شاندار 121 میٹر کا چھکا لگا کر دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کو دنگ کر دیا۔اسٹارز کی ٹیم نے ٹاس جیت کر رینیگیڈز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ میلبرن اسٹارز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو 168 رنز کے مجموعے تک محدود رکھا۔ہدف کے تعاقب میں اسٹارز نے تین وکٹیں گنوائیں، تاہم بین ڈکٹ کی شاندار نصف سنچری اور مارکس اسٹوئنس کے 48 رنز نے ٹیم کو مقابلے میں برقرار رکھا۔ آخرکار گلین میکسویل اور ہلٹن کارٹ رائٹ نے ذمہ داری سنبھالی، اور آخری اوور میں 10 رنز کے ہدف کو حاصل کیا، جس میں کارٹ رائٹ کا چھکا فیصلہ کن ثابت ہوا۔20ویں اوور کی تیسری گیند پر ٹام راجرز نے آف اسٹمپ کے باہر یارکر پھینکنے کی کوشش کی، لیکن ہلٹن کارٹ رائٹ نے اس پر شاندار چھکا مارا جو 121 میٹر تک گیا اور اسٹیڈیم کے دوسرے اسٹینڈ میں جا کر گرا۔ میچ دیکھنے والے شائقین کی آنکھوں سے بال اوجھل ہو گیا، جس نے کرکٹ دنیا کو ایک یادگار لمحہ فراہم کیا۔یاد رہے کہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے لمبے چھکے کا ریکارڈ پاکستان کے شاہد آفریدی کے پاس ہے، جنہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف 153 میٹر لمبا چھکا مارا تھا، حالانکہ یہ آفییشل طور پر ریکارڈ نہیں ہو سکا تھا۔
بگ بیش لیگ؛ 121 میٹر لمبا چھکا! بال خلا میں پہنچ گئی
6