کراچی( اباسین خبر)ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ سندھ میں بدعنوانی اور کرپشن عروج پر ہے، موجودہ حکومت نے اپنے ہی ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ چینگیز خان نے بغداد پر قبضہ کرکے تمام تعلیمی اداروں کو مسمار کر دیا تھا اور وہاں کی عوام کو غلام بنا لیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے طلبہ کو کوٹہ سسٹم کی چکی میں پیسا جا رہا ہے، سندھ کے نوجوانوں کا بیڑہ غرق کیا جا رہا ہے اور طاقتور مزید طاقتور ہو رہے ہیں۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کراچی کے امتحانی بورڈ سے ہمارے طلبہ کی تعلیم کو تباہ کر دیا گیا ہے اور کراچی میں بچوں کے مستقبل کو تاریک کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ تعلیمی بورڈ کے نتائج میں زبردستی کمی کی جا رہی ہے، اور سال اول کے نتائج میں کراچی کے پری میڈیکل کے 33 فیصد طلبہ پاس ہوئے جبکہ 66 فیصد کو فیل کر دیا گیا۔رکن قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ یہ 66 فیصد طلبہ دوبارہ پیپر دیں گے، اور اس میں پیسہ بننے کے نئے ذرائع پیدا کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اسے “چنگیزانی سوچ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے کتب خانوں اور لائبریریوں کو ختم کیا جا رہا ہے۔ڈاکٹر فاروق ستار نے لاڑکانہ میں 70 فیصد بچوں کے پاس ہونے اور کراچی میں 65 فیصد کو فیل کرنے پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں کرپٹ حکمرانی کا سلسلہ جاری ہے اور ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سب کو کام کرنا ہوگا۔
بدعنوانی ،کرپشن عروج پر، موجودہ حکومت نے اپنے ہی ریکارڈ توڑ دیئے: فاروق ستار
3