کراچی( اباسین خبر)کاونٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پولیس نے قتل، پولیس مقابلے اور 20 کروڑ کی ڈکیتی میں مفرور ملزم کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق، پولیس نے صدر کے پرانے تانگہ اسٹینڈ کے قریب چھاپہ مار کر بنگش ڈکیت گروپ سے تعلق رکھنے والے ملزم اسد کو گرفتار کر لیا، جس سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ ملزم 20 کروڑ کی ڈکیتی، مولانا ضیا الرحمن کے قتل اور سی ٹی ڈی اہلکاروں سے پولیس مقابلے میں ملوث تھا۔ ملزم سی ٹی ڈی سندھ، کراچی کے مختلف تھانوں کا مطلوب تھا۔گرفتار ملزم پر الزام ہے کہ اس نے دوران ڈکیتی مولانا ضیا الرحمن کو شارع فیصل میں قتل کیا اور سال 2022 میں ملیر کینٹ کے علاقے میں کرسچن کمیونٹی کے نوجوان کو فائرنگ کر کے قتل کیا۔ اس کے علاوہ، ملزم نے 2023 میں سی ٹی ڈی اہلکاروں کے ساتھ مقابلے میں بھی حصہ لیا تھا اور میٹھادر میں سیکیورٹی کمپنی کی کیش وین سے 20 کروڑ روپے لوٹے تھے۔سی ٹی ڈی کے مطابق، ملزم کا گروہ اسٹریٹ کرائم میں ملوث ہے اور شہر میں خوف کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ ملزم کے متعدد ساتھی بیرون ملک ہیں جبکہ کچھ جیل میں ہیں۔ سی ٹی ڈی نے گرفتار ملزم سے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
کراچی؛ 20 کروڑ کی ڈکیتی میں ملوث ملزم گرفتار
11