اسلام آباد( اباسین خبر)الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے رکن قومی اسمبلی عادل بازئی کی رکنیت بحال کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ عادل بازئی کو آزاد امیدوار تصور کیا جائے۔الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ 262 کوئٹہ سے عادل بازئی کی رکنیت بحال کر دی، اور اس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ ای سی پی کے نوٹیفکیشن کے مطابق عادل بازئی کو مسلم لیگ (ن) کی بجائے آزاد امیدوار کے طور پر شمار کیا جائے گا۔یاد رہے کہ عادل بازئی کے خلاف بجٹ اور 26 ویں آئینی ترمیم میں پارٹی پالیسی سے انحراف کا الزام تھا۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کی جانب سے دائر ریفرنس پر الیکشن کمیشن نے عادل بازئی کو نااہل قرار دیا تھا، تاہم سپریم کورٹ نے عادل بازئی کو این اے 262 کوئٹہ کی نشست پر بحال کر دیا تھا۔9 دسمبر کو سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کا 21 نومبر کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے منحرف رکن عادل بازئی کی قومی اسمبلی کی رکنیت بحال کر دی تھی۔ دوسری جانب، الیکشن کمیشن نے عادل خان بازئی کو ڈی سیٹ کرنے کا نوٹیفکیشن بھی معطل کر دیا ہے، اور کہا کہ این اے 262 کوئٹہ سے عادل بازئی کو ڈی سیٹ کرنے کا نوٹیفکیشن سپریم کورٹ کے حتمی فیصلے تک معطل رہے گا۔
عادل بازئی کی رکنیت بحال، آزاد امیدوار تصور کیا جائے: الیکشن کمیشن
4