لاہور( ابا سین خبر)صوبائی وزیراطلاعات عظمی بخاری نے کہا کہ پنجاب کے عوام فتنہ اور احتجاج کی سیاست کو سپورٹ نہیں کرتے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمی بخاری نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے ایک سالہ حکومتی کارکردگی پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ان کے اقدامات فائلوں کے لیے نہیں بلکہ عوامی بہتری کے لیے ہیں۔عظمی بخاری نے بتایا کہ اس سال سٹاک ایکسچینج میں 1400 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے، اور مہنگائی میں 4 سے 5 فیصد کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کا یہ سال کامیابی سے گزرے گا کیونکہ انہوں نے حکومتی امور چلانے کے لیے بہترین اہلیت کا مظاہرہ کیا ہے۔وزیراطلاعات نے پنجاب میں کیے گئے اہم اقدامات کا ذکر کیا، جن میں 64 لاکھ خاندانوں کو رمضان پیکیج فراہم کرنا، روٹی کی قیمت متعین کرنا، ایئرایمبولینس کا آغاز، 27 ہزار طلبہ کو الیکٹرک بائیکس کی تقسیم، 2 ماہ کے بجلی بلوں میں 54 ارب روپے کا ریلیف اور نیوٹریشن پروگرام شامل ہیں۔عظمی بخاری نے مزید کہا کہ وزیراعلی مریم نواز کی حکومت نے کسانوں کے لیے 30 ارب روپے سے زائد کی خریداری کی، گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت کسانوں کو ٹریکٹر فراہم کیے، اور لائیو سٹاک کارڈ کے اجرا سے دیہی خواتین کو مویشی خریدنے کا موقع دیا۔انہوں نے لاہور میں سموگ ٹاور اور ماڈل فش مارکیٹ کی تعمیر کا بھی ذکر کیا، اور کہا کہ پنجاب میں بچوں کی ہارٹ سرجریوں کی تعداد 500 سے تجاوز کر چکی ہے۔عظمی بخاری نے آخر میں کہا کہ پنجاب حکومت مختلف پروگرامز کے ذریعے عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنا رہی ہے، اور ان کے اقدامات ملک کے لیے اہم ثابت ہوں گے۔
پنجاب کے عوام فتنہ اور احتجاج کی سیاست کو سپورٹ نہیں کرتے: عظمیٰ بخاری
5