لاہور( سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویسٹ انڈیز کی مینز کرکٹ ٹیم کے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو میچوں کے لیے پاکستان کے دورے کی تفصیلات کا اعلان کر دیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان کراچی میں ہونے والا پہلا ٹیسٹ میچ اب ملتان منتقل کر دیا گیا ہے۔ ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم 6 جنوری کو اسلام آباد پہنچے گی اور پاکستان شاہینز کے خلاف 10 سے 12 جنوری تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں 3 روزہ میچ کھیلے گی۔ اس کے بعد ویسٹ انڈیز ٹیم ملتان میں پاکستان کے خلاف سیریز کے دونوں ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔پہلا ٹیسٹ 17 سے 21 جنوری تک اور دوسرا ٹیسٹ 25 سے 29 جنوری تک کھیلا جائے گا۔یہ ویسٹ انڈیز ٹیسٹ ٹیم کا 19 سال میں پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔ ویسٹ انڈیز نے آخری بار نومبر 2006 میں 3 ٹیسٹ میچز کھیلے تھے، جبکہ پاکستان کے خلاف اس کی آخری اوے ٹیسٹ سیریز اکتوبر 2016 میں متحدہ عرب امارات میں ہوئی تھی۔ ویسٹ انڈیز نے اپریل 2018 کے بعد سے تین بار پاکستان کا دورہ کیا، جس میں ایک بار ون ڈے انٹرنیشنل سیریز جون 2022 میں اور دو بار ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز اپریل 2018 اور دسمبر 2021 میں کھیلی تھی۔
ویسٹ انڈیز کا دورہ پاکستان: پہلا ٹیسٹ کراچی سے ملتان منتقل
11