اسلام آباد( اباسین خبر)جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ غزہ اور القدس کا مسئلہ صرف وہاں کے عوام کا نہیں بلکہ امت مسلمہ کا ہے۔پاکستان میں متعین ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی اور ان کی صحت و تندرستی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات میں ایران-پاکستان تعلقات اور غزہ میں اسرائیلی جارحیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ایرانی سفیر نے فلسطین کی حمایت میں جے یو آئی کی کاوشوں اور پاکستان بھر میں غزہ یکجہتی مظاہروں کے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ علمائے کرام بالخصوص مولانا فضل الرحمان جیسے مدبر رہنماں سے مشاورت ضروری ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ قبلہ اول مسلمانوں کا مقدس مقام ہے، جسے 1967 میں اسرائیل نے قبضہ کیا، اور اقوام متحدہ نے اس قبضے کو تسلیم نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ اقوام متحدہ کی روح کے مطابق متنازعہ ہے اور قبلہ اول فلسطین کا حصہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عالم اسلام کو فلسطینیوں کی حمایت میں مضبوط آواز بلند کرنی چاہیے اور پاکستان، ایران، ترکیہ، سعودی عرب اور ملائیشیا کو غزہ اور اسرائیل کے خلاف ٹھوس اقدامات اٹھانے چاہئیں۔