و اشنگٹن ( مانیٹر نگ ڈیسک)امریکا میں ایپ پر مجوزہ پابندی کے خلاف ٹک ٹاک کی قانونی جنگ کا آغاز ہوگیا ہے۔ڈسٹرکٹ کولمبیا میں یو ایس کورٹ آف اپیلز کے 3 ججوں پر مشتمل پینل نے اس امریکی قانون کے خلاف دائر درخواست پر سماعت شروع کی جس کے تحت ٹک ٹاک کو 19 جنوری تک امریکا میں کمپنی کو فروخت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اس مدت میں کمپنی کو فروخت نہ کرنے پر امریکا میں ٹک ٹاک پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔ٹک ٹاک اور بائیٹ ڈانس کی جانب سے مئی 2024 میں اس قانون کو عدالت میں چیلنج کیا گیا اور 16 ستمبر کو اس کی پہلی سماعت ہوئی۔سماعت کے دوران کمپنی کے وکیل نے عدالت کو قائل کرنے کی کوشش کی کہ امریکی قانون آزادی رائے کے حقوق کے خلاف ہے۔Andrew Pincus نامی وکیل کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت یہ ثابت نہیں کرسکی کہ ٹک ٹاک قومی سلامتی کے لیے واقعی خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ قانون متعدد حوالوں سے امریکی آئین کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عدالت کے سامنے موجود قانون کی نظیر نہیں ملتی اور اس کے اثرات بہت زیادہ ہوں گے، تاریخ میں پہلی بار کانگریس نے 17 کروڑ امریکی شہریوں کی آزادی رائے کو ہدف بنایا ہے۔دوسری جانب امریکی محکمہ انصاف کے وکیل Daniel Tenny نے اپنے دلائل میں حکومتی مقف کا دفاع کیا۔انہوں نے کہا کہ ٹک ٹاک کا الگورتھم کا کوڈ 2 ارب لائنوں پر مشتمل ہے جو پورے ونڈوز آپریٹنگ سسٹم سے 40 گنا بڑا ہے اور اسے روزانہ ایک ہزار بار بدلا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ ہم اس میں ہونے والی تبدیلیوں پر نظر رکھنا چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ قانون امریکی قومی سلامتی کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے۔سماعت کے دوران ججوں نے ٹک ٹاک کے وکیل سے سخت سوالات کیے۔انہوں نے کہا کہ ٹک ٹاک کے دلائل سے عندیہ ملتا ہے کہ کمپنی عدالت سے چاہتی ہے کہ وہ کانگریس کے ساتھ قانون ساز ادارے کی بجائے ایک انتظامی ادارے جیسا سلوک کرے۔ایک جج نے وکیل سے پوچھا کہ آخر یہ قانون دیگر ایسے قوانین سے مختلف کیسے ہے جن کے تحت براڈ کاسٹ لائسنس کی مالک غیر ملکی کمپنیوں پر مختلف پابندیاں عائد کی جاتی ہیں۔ٹک ٹاک اور محکمہ انصاف کی جانب سے مقدمے کا فیصلہ 6 دسمبر تک سنانے کی درخواست کی گئی ہے تاکہ امریکی سپریم کورٹ پابندی کے اطلاق تک نظرثانی اپیل پر فیصلہ سناسکے۔خیال رہے کہ پہلے ایوان نمائندگان کانگریس نے 20 اپریل اور پھر سینیٹ نے 24 اپریل کو ٹک ٹاک پر پابندی کے بل کی منظوری دی تھی۔
پابندی کے امریکی قانون کے خلاف ٹک ٹاک کی قانونی جنگ کا آغاز
17