کراچی( اباسین خبر)سندھ ہائیکورٹ نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق دائر درخواستوں پر فریقین سے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس صلاح الدین پہنور نے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت پولیس کی جانب سے عدالت میں رپورٹ پیش کی گئی، جس میں بتایا گیا کہ لاپتہ افراد جاوید، نعیم، یونس خان اور سلیم الرحمان کے گمشدگی کے مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، تاہم ان کا سراغ نہیں لگایا جا سکا اور تلاش جاری ہے۔جسٹس صلاح الدین پہنور نے ریمارکس دیے کہ پولیس کو یہ ضرور معلوم ہونا چاہیے کہ گمشدہ افراد زندہ ہیں یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت ضائع کیے بغیر گمشدہ شہریوں کا سراغ لگانا ضروری ہے۔بعد ازاں عدالت نے پولیس کو لاپتہ شہریوں کا سراغ لگانے کے لیے 2 ہفتوں کی مہلت دے دی اور آئی جی سندھ، سیکرٹری داخلہ اور دیگر متعلقہ حکام کو دو ہفتوں میں تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے دائر درخواستوں پر فریقین سے جواب طلب
2