کراچی( اباسین خبر)میئر کراچی مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ وہ فاروق ستار، مصطفی کمال اور خالد مقبول کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں۔ کراچی میں پاکستان یوتھ پارلیمنٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ کوئی بھی شخص جو اچھے فیصلے کر رہا ہو، وہ لیڈر بن سکتا ہے، اور ہماری پارٹی کے لیڈر بلاول بھٹو ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے معاشرے میں ناامیدی پھیل چکی ہے، مگر پاکستان کے تمام لوگ ملک چھوڑ کر نہیں جا سکتے، اس لیے لیڈر شپ اور نوجوان نسل میں تعلق مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔مرتضی وہاب نے کراچی کے پانی کے مسئلے پر بھی بات کی اور کہا کہ کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ پینے کے پانی کا ہے۔ لاہور میں زیر زمین میٹھا پانی ہے مگر کراچی میں نہیں۔ اس لیے لاہور کی مثال یہاں نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو اپنے فرائض ادا کرنے ہوں گے تاکہ مسائل حل ہو سکیں۔میئر کراچی نے یہ بھی کہا کہ وہ کام کرنا چاہتے ہیں اور فاروق ستار، مصطفی کمال اور خالد مقبول کو اگر گرانڈ رئیلیٹی دیکھ کر کام کرنا ہو تو وہ تیار ہیں۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں کو دعوت دی کہ ہمارے دروازے کھلے ہیں اور باتوں سے زیادہ عملی کام کی ضرورت ہے۔مرتضی وہاب نے وفاقی حکومت سے کراچی کے لیے مزید فنڈز کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو 15 ارب نہیں، بلکہ 1500 ارب روپے ملنے چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت لاہور میں موٹر وے بنا رہی ہے، تو سکھر حیدرآباد کے درمیان موٹر وے کیوں نہیں بنائی جا رہی؟انہوں نے ایم کیو ایم پاکستان سے بھی کہا کہ لڑائی کرنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے، بلکہ مل کر کام کرنا ضروری ہے۔
فاروق ستار، مصطفیٰ کمال اور خالد مقبول کیساتھ کام کرنے کو تیار ہوں: مرتضیٰ وہاب
1