ممبئی ( شو بز ڈیسک)بالی ووڈ کے معروف اداکار جان ابراہم نے حالیہ دنوں میں انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں کبھی منشیات کا استعمال نہیں کیا۔ یہ بات انہوں نے ممبئی میں بھارتی حکومت کی جانب سے منعقد کی جانے والی ایک انسدادِ منشیات مہم کے دوران کی۔تقریب میں طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے جان ابراہم نے بتایا کہ نہ تو انہوں نے کبھی سگریٹ نوشی کی، نہ شراب پی، اور نہ ہی کبھی منشیات کا استعمال کیا۔ انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ منشیات سے دور رہیں اور اپنے دوستوں، ساتھیوں، اور اردگرد کے لوگوں کے لیے ایک مثالی شخصیت بنیں۔جان ابراہم نے کہا، “میں طویل تقریر نہیں کروں گا، لیکن اتنا کہوں گا کہ اپنی زندگی میں نظم و ضبط اپنائیں۔”یہ بات قابل ذکر ہے کہ جان ابراہم نے اس سے پہلے بالی ووڈ کے اداکار اکشے کمار اور اجے دیوگن پر پان مصالحہ کے اشتہارات کا حصہ بننے پر تنقید کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ کچھ لوگ فٹنس پر بات کرتے ہیں لیکن پھر وہی لوگ پان مصالحہ کی حمایت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اصولوں کا پاس رکھنا ضروری ہے اور انہیں “موت” فروخت کرنے کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔جان ابراہم اپنی فٹنس کی وجہ سے بالی ووڈ میں خاصے مشہور ہیں، اور وہ اپنی زندگی میں انتہائی نظم و ضبط اپناتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جان ابراہم کے پاس اسمارٹ فون نہیں ہے، بلکہ وہ ایک پرانے زمانے کا نارمل فون استعمال کرتے ہیں جس میں صرف میسج یا کال کی جا سکتی ہے۔
جان ابراہم کا نشہ کرنے سے متعلق اہم انکشاف
2