چمن ( اباسین خبر)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین اور تحریک تحفظ آئین کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے پارلیمنٹ اور آئین کے حوالے سے اپنے خیالات کا کھل کر اظہار کیا۔ چمن میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے زیر اہتمام منعقدہ قومی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر فیصلے پارلیمنٹ کے باہر کیے جا رہے ہیں تو پھر اسمبلی کو فارغ کر دینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین پر عملدرآمد ہی ملک چلانے کا واحد حل ہے، اور پاکستان کی موجودہ صورتحال کے ذمہ دار ہم سب ہیں۔محمود خان اچکزئی نے مزید کہا کہ پاکستان میں آئین کی حیثیت ختم کی جا رہی ہے، اور ملک کو آئین کی اصل روح کے مطابق چلایا جانا چاہیے۔ انہوں نے عمران خان کی جماعت پر ظلم اور 26 نومبر کے مقدمہ کو شہباز شریف کے خلاف درج کرنے کی بات کی۔تحریک تحفظ آئین کے سربراہ نے پاکستان اور افغانستان کے مسائل کے حل کے لیے ٹیبل ٹاک کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو ایک کانفرنس بلانے کی ضرورت ہے جس میں افغانستان اور اس کے ہمسایہ ممالک کے خدشات اور مسائل پر بات کی جائے۔ اس کانفرنس میں ایک معاہدہ تشکیل دیا جائے جس میں تمام ممالک ایک دوسرے کی خودمختاری کا احترام کریں اور اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کی آزادی ایک دوسرے سے منسلک ہے اور افغان قوم کی آزادی اپنی ماں کی گود سے ملنے کے مترادف ہے۔ محمود اچکزئی نے مزید کہا کہ دنیا میں صرف افغانستان اور ترکی کی زمینیں ایسی ہیں جہاں کسی جارح نے قبضہ نہ کیا۔
پارلیمنٹ سے باہر فیصلے کرنے ہیں تو اسمبلی کو فارغ کیا جائے، محمود خان اچکزئی
2