کراچی ( ہیلتھ ڈیسک)سندھ حکومت نے تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کے بڑھتے ہوئے کیسز کے خلاف ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے طلبہ کی میڈیکل سکریننگ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت، میڈیکل سکریننگ سندھ کے سرکاری کالجوں میں ابتدائی طور پر کی جائے گی، اور اس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔سیکریٹری کالج ایجوکیشن آصف اکرام کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، اس مقصد کے لیے محکمہ کالج ایجوکیشن میں ایک سہ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ، متعلقہ ضلع کے ریجنل ڈائریکٹر، اور متعلقہ کالج کے پرنسپل شامل ہوں گے۔کمیٹی کے ٹی او آرز میں یہ طے کیا گیا ہے کہ میڈیکل سکریننگ ٹیم کسی بھی سرکاری کالج کا اچانک دورہ کرے گی، اور اس موقع پر محکمہ کالج ایجوکیشن کی ٹیم میڈیکل سکریننگ ٹیم کی معاونت کے لیے موجود ہوگی۔ اس کے ذریعے کالج میں کسی بھی طالب علم کا میڈیکل ٹیسٹ کیا جا سکے گا تاکہ منشیات کے استعمال کی روک تھام کی جا سکے۔
منشیات کے استعمال میں اضافہ، سندھ حکومت کا طلبہ کی میڈیکل سکریننگ کا فیصلہ
4