کراچی ( اباسین خبر)شاہراہ فیصل نرسری کے قریب موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے گاڑی پر فائرنگ کرکے ایک شہری کو زخمی کر دیا۔ پولیس کے مطابق اتوار کی صبح، ٹیپو سلطان تھانے کے علاقے میں واقع شیل پیٹرول پمپ والی گلی میں دو موٹر سائیکلوں پر سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے گاڑی پر فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہوگئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 40 سالہ محمد فراز خان زخمی ہو گئے، جنہیں ابتدائی طور پر نجی اسپتال اور بعد ازاں جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ زخمی شہری کی شناخت محمد فراز خان کے طور پر ہوئی ہے، جو پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی بلاک 6 کا رہائشی اور ہوٹل کا کاروبار کرتا ہے۔ ایس ایس ایچ او ٹیپو سلطان انسپکٹر طارق محمود نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ لین دین کے تنازعے کی وجہ سے پیش آیا۔ زخمی شہری کو کسی سے 8 سے 9 کروڑ روپے وصول کرنے ہیں اور وہ رقم کی واپسی کا تقاضا کر رہا تھا، جس کے نتیجے میں دھمکی آمیز پیغامات بھی موصول ہوئے تھے۔پولیس نے جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کے تین خول برآمد کر لیے ہیں، اور سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔ زخمی شہری نے مقدمے میں تین ملزمان کو نامزد کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ پولیس نے زخمی شہری کا بیان قلمبند کر لیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔
کراچی: نرسری کے قریب لین دین کے تنازع پر فائرنگ سے بزنس مین زخمی
7