اسلام آباد( کامرس ڈیسک)وفاقی حکومت نے نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کی نجکاری کا منصوبہ ملتوی کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق، پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے حصص اسٹاک مارکیٹ میں فروخت کرنے کا منصوبہ فی الحال ملتوی کر دیا گیا ہے۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ادارے کی نجکاری کے بجائے اضافی فنڈنگ کے ذریعے اس کی جہازوں کی تعداد بڑھا کر اسے ایک فعال ادارہ بنایا جائے۔پی این ایس سی میں حکومت کا 87.87 فیصد حصہ ہے، جبکہ عوام اور ملازمین کے فنڈ کے پاس 10.87 فیصد حصص ہیں۔ذرائع کے مطابق، ادارے کے بورڈ اجلاس میں یہ بات سامنے آئی کہ پی این ایس سی تجارتی طور پر زیادہ موثر ہو سکتا ہے، تاہم جہازوں کی عمر بڑھنے کی وجہ سے ان کی افادیت کم ہوتی جا رہی ہے۔ اس لیے فوری طور پر اضافی فنڈز حاصل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ یہ ادارہ آئندہ برسوں میں مزید کارآمد ثابت ہو سکے۔اسی حوالے سے وزارت نے کابینہ کمیٹی کو ایک سمری ارسال کی تھی جس میں تجویز دی گئی تھی کہ اضافی فنڈنگ کے لیے ادارے کے مزید حصص اسٹاک مارکیٹ میں پیش کیے جائیں، تاہم وزارت نے اس کی اسٹریٹجک اہمیت کے پیش نظر اپنے تحفظات کا اظہار بھی کیا تھا۔
پی این ایس سی کی نجکاری کا فیصلہ فی الحال موخر کردیا گیا
7