لندن( مانیٹرنگ ڈیسک)اگر آپ سگریٹ نوشی چھوڑنا چاہتے ہیں لیکن یہ کام مشکل لگ رہا ہے، تو خوشخبری یہ ہے کہ برطانیہ میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق کے مطابق، سمارٹ واچز سگریٹ نوشی کی عادت چھوڑنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔برسٹل یونیورسٹی کی تحقیق میں ماہرین نے ایک ایسا موشن سنسر سافٹ ویئر تیار کیا ہے جو ہاتھوں کی حرکات کو شناخت کرتا ہے جب کوئی شخص سگریٹ پکڑے ہوئے ہو۔ جب یہ سافٹ ویئر سگریٹ کو شناخت کرتا ہے، تو اسمارٹ واچ کی اسکرین پر ایک الرٹ فلیش کرتا ہے اور اس میں موجود ایپ وائبریشن کے ساتھ ایک ٹیکسٹ میسج بھیجتی ہے، جو تمباکو نوشی چھوڑنے میں مدد کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔محققین کا ماننا ہے کہ اس ایپ کی بروقت مداخلت سگریٹ نوشی کی عادت سے نجات پانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ ان کے مطابق جب کوئی شخص تمباکو نوشی چھوڑنے کی کوشش کرتا ہے اور کسی کمزور لمحے میں اس کے ارادے پر قائم رہنا مشکل ہو جاتا ہے، تو یہ مداخلت اس کے عزم کو مضبوط بنا سکتی ہے۔تحقیق میں 18 سے 70 سال کے 18 افراد کو شامل کیا گیا تھا جو تمباکو نوشی چھوڑنا چاہتے تھے۔ انہیں ایک اسمارٹ واچ فراہم کی گئی جس میں مذکورہ ایپ موجود تھی۔ اس اسمارٹ واچ کو دو ہفتوں تک ان کی کلائی میں پہنا گیا اور ان سے 27 سوالات پر مشتمل سوالنامہ بھی بھروایا گیا۔ اس تحقیق میں 66 فیصد افراد نے کہا کہ وہ اس موشن سنسر والی اسمارٹ واچ پہننے کے لیے تیار ہیں، جبکہ 61 فیصد نے ایپ کے میسج مواد کو مفید اور متعلقہ قرار دیا۔
سگریٹ نوشی سے نجات دلانے میں مددگار سمارٹ واچ ایپ تیار
6