اسلام آباد( کامرس ڈیسک)وفاقی کابینہ نے ریکوڈک منصوبے کے 15 فیصد شیئرز سعودی عرب کو فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ معاہدہ بین الحکومتی ٹرانزیکشن ایکٹ کے تحت طے پایا ہے، جس کے مطابق سعودی عرب کو 540 ملین ڈالرز کے عوض شیئرز منتقل کیے جائیں گے۔ سعودی عرب یہ رقم دو قسطوں میں ادا کرے گا۔پہلے مرحلے میں 10 فیصد شیئرز کی منتقلی پر 330 ملین ڈالرز ادا کیے جائیں گے، اور دوسرے مرحلے میں 5 فیصد شیئرز کی منتقلی کے بعد 210 ملین ڈالرز کی ادائیگی ہوگی۔ اس کے علاوہ، سعودی فنڈ برائے ترقی بلوچستان میں معدنیات کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے 150 ملین ڈالرز فراہم کرے گا۔سعودی عرب نے چاغی کے علاقے میں معدنی وسائل کی تلاش اور سرمایہ کاری کرنے پر بھی آمادگی ظاہر کی ہے۔ ریکوڈک منصوبے میں وفاقی اور بلوچستان حکومت کے پاس مشترکہ طور پر 50 فیصد شیئرز ہیں، جبکہ باقی شیئرز بین الاقوامی کمپنیوں کے پاس ہیں۔
ریکوڈک منصوبے کے 15 فیصد شیئرز سعودی عرب کو فروخت کرنے کی منظوری
8