اسلام آباد( کامرس ڈیسک)وزیر اعظم کی سمارٹ میٹرز کی تنصیب کی ہدایات، مگر 1 لاکھ 37 ہزار 862 میٹرز نصب نہ ہو سکیوزیر اعظم شہباز شریف نے سمارٹ میٹرز کی تنصیب مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں، تاہم اس کے باوجود ایک لاکھ 37 ہزار 862 نئے میٹرز نصب نہیں ہو سکے ہیں۔ پاور ڈویژن حکام کو ہدایت کی گئی کہ وہ سمارٹ میٹرز کی تنصیب کو فوری طور پر مکمل کریں، لیکن تقسیم کار کمپنیاں پیسے وصول کرنے کے باوجود صارفین کو نئے میٹرز فراہم کرنے میں ناکام رہیں، جس کے نتیجے میں بجلی کی فروخت میں کمی آئی۔دستیاب دستاویزات کے مطابق 2024 کے دوران ایک لاکھ 37 ہزار 862 نئے کنکشنز نہیں لگ سکے، اور اضافی بجلی ہونے کے باوجود 573 میگاواٹ بجلی فروخت نہیں ہو پائی۔ ان میں سب سے زیادہ تعداد گھریلو صارفین کی ہے جنہوں نے نئے میٹرز کے لیے درخواست دی تھی۔دستاویزات کے مطابق صارفین نے پیسے ادا کیے ہیں اور مقررہ پراسیس سے بھی گزرے ہیں، لیکن 1 لاکھ 29 ہزار 948 گھریلو، 6 ہزار 644 کمرشل، 331 صنعتی، 171 زرعی اور 768 دیگر صارفین نئے کنکشنز سے محروم رہ گئے۔ کچھ درخواستیں ایک سال سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود مکمل نہیں ہو سکیں۔سب سے زیادہ سست روی ملتان الیکٹرک سپلائی کمپنی میں دیکھی گئی، جہاں 57 ہزار سے زائد کنکشنز تعطل کا شکار ہیں، جبکہ لاہور، فیصل آباد اور گیپکو میں بھی ہزاروں کنکشنز کی تنصیب نہیں ہو سکی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کی طلب میں کمی کے باعث قیمتوں پر منفی اثرات پڑ رہے ہیں، اور اگر طلب میں اضافہ نہ کیا گیا تو حکومت کی قیمتوں میں کمی کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ ڈسکوز میٹرز کی تنصیب میں سست روی نے بجلی کی طلب میں کمی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
نارمل میٹرز کی تنصیب تعطل کا شکار، 573 میگا واٹ بجلی فروخت نہ ہو سکی
8