کراچی( کامرس ڈیسک)صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستانی معیشت کے مختلف شعبوں میں چینی سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیا ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری سے بلاول ہاس میں چین کے کاروباری وفد نے ملاقات کی، جس میں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزرا اور چین کے کونسل جنرل نے شرکت کی۔ملاقات کے دوران صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین اقتصادی اور تجارتی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، اور دونوں ممالک کے عوام، خصوصا سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں کے درمیان روابط بڑھانا ضروری ہیں۔چینی وفد نے پاکستان میں میڈیکل سٹی کے قیام کے لیے 1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا اور معیشت کے مختلف شعبوں جیسے زراعت، لائیو سٹاک، توانائی، ٹرانسپورٹ اور مینوفیکچرنگ میں سرمایہ کاری بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین گہرے اور تاریخی تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ مفادات اور خیالات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ کو علاقائی تجارتی اور اقتصادی مرکز کے طور پر ترقی دینا ان کا وژن تھا، جس سے نہ صرف علاقائی روابط بہتر ہوں گے بلکہ تجارت اور اقتصادی تعاون میں بھی اضافہ ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان چینی سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہے گا اور چین کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو ترجیح دے گا۔ اس موقع پر، صدر مملکت نے چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ سندھ میں چینی زبان کے کورسز متعارف کرائے گئے ہیں، جو پاکستان اور چین کے درمیان عوامی اور ثقافتی روابط کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
صدر مملکت آصف زرداری کا مختلف شعبوں میں چینی سرمایہ کاری بڑھانے پر زور
14
پچھلی پوسٹ