کراچی( ابا سین خبر) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے اعتراف کیا ہیکہ کراچی میں سڑکوں کے مسائل ہیں جس سے شہریوں کو تکلیف ہے۔شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی میں بہت سے چیلنجز ہیں، شہر میں ترقیاتی کام ہوئے ہیں اور ہورہے ہیں جب کہ بارشوں کے ختم ہوتے ہی سڑکوں کی مرمت کا کام شروع ہوچکا ہے۔ صوبائی وزیر نے اعتراف کیا کہ کراچی میں سڑکوں کے مسائل ہیں جس سے لوگ تکلیف میں ہیں، اس میں کوئی دو رائے نہیں مگر جہاں جہاں سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں انہیں حکومت ٹھیک کررہی ہے جب کہ شہر میں بس سروس فعال ہے اور ریڈ لائن پر کام جاری ہے۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ہم وفاقی حکومت میں شامل نہیں ہیں، کراچی کو وفاق کی جانب سے جو شیئر ملنا چاہیے وہ نہیں ملا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یونس خان بہت اچھے کرکٹر ہیں مگر ان کی بات سے اتفاق نہیں کرتے۔واضح رہے کہ سابق قومی کرکٹر یونس خان نے دو روز قبل شہر کے انفرا اسٹرکچر اور سڑکوں کی خراب صورتحال کے بارے میں کہا تھا کہ ایسا لگتا ہے جیسے موہن جو دڑو میں رہتا ہوں۔
کراچی میں سڑکوں کے مسائل ہیں جس سے شہریوں کو تکلیف ہے: شرجیل میمن کا اعتراف
37