کراچی(اپنے رپورٹر سے)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ نبی کریمۖ کے پیغام کو امت مسلمہ اپنا مشعل راہ بنائیں۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے امت مسلمہ کو 12 ربیع الاول کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نبی کریمۖ کی ولادت باسعادت تمام جہانوں کیلئے ایک عظیم ترین دن ہے، نبی پاکۖ کی تشریف آوری انسانیت کے دکھوں کے مداوے کی نوید ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ آپۖ نے انسانوں کو غلامی سے نجات دلائی، مدتوں سے انسانیت آپۖ کی جلوہ گری کی منتظر تھی، ہماری خوش قسمتی کہ اللہ تعالی نے ہمیں حضورۖ کا امتی بنایا، نبی کریمۖ کے پیغام کو امت مسلمہ اپنا مشعل راہ بنائیں۔کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ نبی کریمۖ کی زندگی ہمدردی، رواداری اور محبت کی تابندہ مثال ہے، آپۖ کا کردار اور اعمال ہمارے لئے بہترین نمونہ ہیں، دعا ہے کہ اللہ تعالی ہمیں رسول اللہۖ کی تعلیمات اپنانے کی توفیق عطا فرمائے۔گورنر سندھ کا کہنا ہے کہ یہ میری خوش نصیبی ہے کہ میرا نوٹیفکیشن آج کے بابرکت دن ہوا، اس بابرکت روز میرا نوٹیفکیشن میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اسی روز عہد کیا کہ انسانیت کی بھرپور خدمت کروں گا، جس منصوبے کو بھی شروع کیا غیب سے اللہ تعالی کی نصرت شامل رہی، مجھے اچھے دوست ملے جن کی بدولت انسانیت کی خدمت کا مشن کامیاب سے جاری ہے۔
نبی کریمﷺ کے پیغام کو امت مشعل راہ بنائے: کامران ٹیسوری
18