لاہور( شوبز ڈیسک)پاکستانی ادب کے عظیم شاعر ناصر کاظمی کو آج سے 53 برس قبل ہم سے جدا ہوئے۔ وہ جدید اردو غزل کے بنیاد ساز اور منفرد شاعر سمجھے جاتے ہیں۔ ناصر کاظمی 8 دسمبر 1925 کو انبالہ (بھارت) میں پیدا ہوئے، ان کا اصل نام سید ناصر رضا کاظمی تھا۔انہوں نے ابتدائی تعلیم انبالہ میں حاصل کی، اور بعد ازاں گورنمنٹ کالج لاہور میں داخلہ لیا، مگر تقسیم کے ہنگاموں کی وجہ سے بی اے مکمل نہ کر سکے۔ ناصر کاظمی نے ابتدا میں اختر شیرانی کے اسلوب میں رومانی نظمیں لکھیں، لیکن بعد میں وہ غزل کی طرف متوجہ ہوئے اور کئی کمال کے شعری مجموعے تخلیق کیے۔ ان کے مشہور مجموعوں میں برگ نے، دیوان، پہلی بارش، نشاط خواب، اعتبار نغمہ اور خشک چشمے کے کنارے شامل ہیں۔ناصر کاظمی مختلف ادبی جرائد کے مدیر بھی رہے اور ریڈیو پاکستان لاہور سے وابستہ ہو کر اس میدان میں اپنی خدمات انجام دیں۔ ان کا یہ سفر آخرکار 2 مارچ 1972 کو معدے کے کینسر کی وجہ سے ختم ہو گیا، مگر ان کی غزلیں آج بھی دلوں میں رس گھولتی ہیں۔ ان کی شاعری کی تاثیر اور منفرد اسلوب ہمیشہ اردو ادب کا حصہ رہے گا۔
معروف شاعر ناصر کاظمی کو ہم سے بچھڑے 53 برس بیت گئے
2