پشاور( اباسین خبر)مشیرِ خزانہ و بین الصوبائی رابطہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ خیبر پختون خوا نے تاریخ کا سب سے زیادہ سرپلس بجٹ دیا ہے۔ ایک سال کی کارکردگی کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ مالیاتی سال کے پہلے چھ ماہ میں 169 ارب روپے کا سرپلس بجٹ دیا گیا ہے۔ خیبر پختون خوا حکومت نے اپنے لیے 100 ارب روپے کا سرپلس بجٹ کا ہدف مقرر کیا تھا، جس کو حکومت نے چھ ماہ میں ہی 169 ارب روپے تک پہنچا دیا ہے۔مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی طرف سے دیا گیا 178 ارب روپے کا سرپلس بھی آسانی سے حاصل کر لیا جائے گا۔انہوں نے خیبر پختون خوا کی ٹیکس اور نان ٹیکس کی شرح پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کے پی کی ٹیکس شرح تقریبا 50 فیصد ہے، نان ٹیکس 55 فیصد جبکہ ٹیکس کی شرح 46 فیصد ہے۔مزمل اسلم نے یہ بھی بتایا کہ پچھلی حکومتوں کے 70 ارب روپے کی بقایا جات ادا کیے گئے ہیں اور پنشن فنڈز سے 40 ارب روپے خرچ کیے گئے ہیں۔ مزید برآں، انہوں نے خیبر پختون خوا کے تاریخ کا پہلا ڈیبٹ منیجمنٹ فنڈ قائم کیا ہے، جس کے لیے 30 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں اور مزید 40 ارب روپے بہت جلد منتقل کیے جائیں گے۔
خیبر پختونخوا نے تاریخ کا سب سے زیادہ سرپلس بجٹ دیا: مزمل اسلم
1