لاہور ( اباسین خبر)پنجاب میں مفت سولر پینل سکیم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے اس سکیم کا باضابطہ افتتاح کرتے ہوئے سولر پینل انسٹالیشن کے عمل کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔مریم نواز کی جانب سے مختلف نمبروں کی اطلاع پر سولر پینل سکیم کی خودکار ڈیجیٹل قرعہ اندازی کی گئی، جس میں کامیاب صارفین کو مبارکباد دی گئی۔اس موقع پر سیکرٹری انرجی نے وزیراعلی مریم نواز کو فری سولر پینل سکیم کے بارے میں بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ اس سکیم کے تحت سال بھر میں 94,483 سولر سسٹمز انسٹال کیے جائیں گے، اور ماہانہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو مفت سولر سسٹم فراہم کیا جائے گا۔سیکرٹری انرجی نے مزید بتایا کہ فری سولر پینل سکیم کے لئے 8 لاکھ 61 ہزار صارفین نے درخواست دی تھی، اور اس سکیم کا پورا پراسیس اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے مکمل کیا گیا ہے۔ 47,182 صارفین کو 0.55 کلوواٹ اور 47,301 کو 1.1 کلوواٹ سولر سسٹمز دیے جائیں گے۔اس سکیم کے تحت صارفین کے ماہانہ بل پر درج ریفرنس نمبر اور سی این آئی سی نمبر سے تصدیق کی جائے گی، اور صارفین کی معاونت کے لئے ہیلپ لائن بھی قائم کی گئی ہے۔ مزید یہ کہ سولر پینل اور انورٹر کو چوری سے بچانے کے لئے صارف کے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ سے منسلک کیا جائے گا۔سیکرٹری انرجی نے یہ بھی بتایا کہ پنجاب میں ایک لاکھ سولر سسٹمز کی انسٹالیشن سے 57 ہزار ٹن کاربن کا اخراج کم ہوگا، اور اس سکیم سے وفاقی حکومت پر سبسڈی کا بوجھ بھی کم ہوگا۔فزیکل ویری فکیشن کے بعد مارچ کے آخر میں صوبے بھر میں سولر سسٹمز کی انسٹالیشن کا آغاز ہو جائے گا، اور جولائی کے آخر تک فری سولر پینل سکیم کا پہلا فیز مکمل ہو جائے گا۔وزیراعلی مریم نواز نے سولر پینل انسٹالیشن کے پراسیس کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو مہنگی بجلی سے ریلیف فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے اور اس منصوبے میں کسی قسم کی تاخیر نہ کی جائے۔
فری سولر پینل سکیم کے آغاز کیلئے وزیراعلی کی انسٹالیشن جلد مکمل کرنیکی ہدایت
1