کراچی ( اباسین خبر)شہر میں ڈمپرز کی وجہ سے ہونے والے مسلسل حادثات اور اموات کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے گڈز کیریئر ایسوسی ایشن کے ساتھ ملاقات میں اہم فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کے مطابق، ڈمپر گاڑیوں میں فرنٹ اور بیک کیمرے نصب کیے جائیں گے تاکہ ٹریفک قوانین کا مثر نفاذ کیا جا سکے اور کسی بھی ممکنہ حادثے کی وجوہات کا پتہ چلایا جا سکے۔ڈی آئی جی ٹریفک پولیس، پیر محمد شاہ کی سربراہی میں ہونے والی اس ملاقات میں گڈز کیریئر ایسوسی ایشن کے صدر اور وفد کے اراکین نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ ڈمپر گاڑیوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر چلتی ہے اور ماضی میں پیش آنے والے حادثات کی تحقیقات میں مشکلات کا سامنا رہا ہے۔ فرنٹ اور بیک کیمرے کی تنصیب سے نہ صرف ڈرائیورز کی نگرانی ممکن ہو سکے گی، بلکہ حادثات کی صورت میں اصل وجوہات کا پتا چلانے میں بھی مدد ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈمپرز میں نصب کیے جانے والے کیمروں کی ریکارڈنگ کم از کم 15 دن تک محفوظ رکھی جائے گی اور کراچی ٹریفک پولیس کو لائیو اور ریکارڈ شدہ فوٹیج کے ساتھ ساتھ ٹریکر ڈیٹا تک رسائی بھی دی جائے گی تاکہ بہتر نگرانی ممکن ہو سکے۔گڈز کیریئر ایسوسی ایشن کے وفد نے اس اقدام کا خیرمقدم کیا اور ٹریفک پولیس سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ڈی آئی جی ٹریفک نے اس بات پر زور دیا کہ قانون پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا اور ڈمپر مالکان کو ہدایت کی کہ وہ مقررہ مدت میں اپنی گاڑیوں میں کیمرے نصب کرائیں تاکہ حادثات کی تعداد کم کی جا سکے اور شہریوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے باعث حفاظتی اقدامات مثر ہو جاتے ہیں، جس سے نہ صرف حادثات میں کمی آتی ہے بلکہ قیمتی جانوں کو بھی محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔
کراچی؛ ڈمپرز کی وجہ سے ہونے والے حادثات کی روک تھام کیلئے اہم فیصلہ
3