کراچی ( اباسین خبر)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے جنوبی کوریا کو دھابیجی اکنامک زون میں صنعتیں لگانے کی پیشکش کی ہے۔ یہ بات انہوں نے وزیراعلی ہاس میں عوامی جمہوری کوریا کے سفیر مسٹر پارک کجون سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، تجارتی روابط اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران سندھ اور جنوبی کوریا کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، اور وزیراعلی سندھ نے کوریا کے سرمایہ کاروں کو دھابیجی اسپیشل اکنامک زون میں صنعتیں لگانے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ زون غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش مواقع فراہم کرتا ہے۔ وزیر اعلی نے کورین کمپنیوں کو سندھ میں ہائی ٹیک انڈسٹری، سیمی کنڈکٹرز اور آٹوموبائل کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کی پیشکش کی۔کورین سفیر پارک کجون نے کہا کہ ماضی میں جنوبی کوریا نے سندھ میں حیدرآباد میرپورخاص سڑک کو پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت تعمیر کیا تھا، تاہم اس کے بعد کسی بھی بڑے منصوبے پر کام نہیں کیا۔ انہوں نے سندھ میں آئی ٹی اور آٹوموبائل کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔وزیراعلی سندھ نے کورین سفیر کو یقین دہانی کرائی کہ ان کی حکومت جنوبی کوریا کے سرمایہ کاروں کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ اس کے ساتھ ہی، انہوں نے انویسٹمنٹ ڈپارٹمنٹ سندھ کو ہدایت دی کہ وہ کورین سرمایہ کاروں کے ساتھ براہ راست روابط استوار کرے اور ان کی معاونت کرے۔ترجمان وزیراعلی سندھ کے مطابق یہ ملاقات سندھ اور جنوبی کوریا کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی طرف ایک اہم قدم ثابت ہوگی اور مستقبل میں مزید تجارتی اور صنعتی معاہدوں کی راہ ہموار کرے گی۔
حکومت سندھ کی جنوبی کوریا کو دھابیجی اکنامک زون میں صنعتیں لگانے کی پیشکش
2