اسلام آباد( اباسین خبر)اپوزیشن گرینڈ الائنس نے کانفرنس روکنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل ہر صورت قومی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق اپوزیشن گرینڈ الائنس کے رہنماں محمود خان اچکزئی، شاہد خاقان عباسی، عمر ایوب اور دیگر رہنماں نے اہم اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کی۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج قومی کانفرنس کا انعقاد کیا جانا تھا، اور پچھلے ایک ہفتے سے جگہ کے لیے کوشش کی جا رہی تھی، پہلی جگہ منسوخ ہوئی، پھر دوسری جگہ کی منسوخی کی گئی، اور کہا گیا کہ کرکٹ ٹیم گزرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے لیے پورے ملک کو بند کرنا پڑتا ہے، یہ حقیقت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تیسری جگہ پر انتظامیہ آئی اور کہا کہ اگر کانفرنس ہوئی تو مارکی بند کر دی جائے گی۔ تاہم، ہم نے کانفرنس کی جس میں صحافیوں، وکلا اور دیگر سیاستدانوں نے شرکت کی اور آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی پر بات کی۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کوئی اشتعال انگیز بات نہیں کی گئی، صرف آئین اور قانون کی حکمرانی پر بات ہوئی۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یہ حکومت ایک کانفرنس سے گھبراتی ہے، یہ سڑک پر نہیں بلکہ ایک بند جگہ پر تھی اور پھر بھی حکومت خوفزدہ ہو گئی۔ ہوٹل انتظامیہ کو دھمکایا گیا کہ اگر کانفرنس ہوئی تو ہوٹل بند کر دیا جائے گا، جس پر ہم نے ان سے تحریری طور پر لکھ کر دینے کی درخواست کی۔شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ یہ کانفرنس ہر صورت ہو گی، یہ ہمارا حق ہے اور حکومت کی کمزوری کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اشتہارات کے ذریعے بیس پچیس ارب روپے خرچ کرنے والی حکومت ایک کانفرنس سے خوفزدہ ہے، یہ ملک کی حالت کی عکاسی کرتا ہے۔اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ پاکستان میں آئین کی بقا اور مستقبل کے لیے وکلا اور سیاستدانوں نے اس کانفرنس میں بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ہوٹل انتظامیہ نے کہا کہ ہم پر پریشر ہے، جس پر ہم نے پوچھا کہ کس کا پریشر ہے، تو انہوں نے کہا کہ آپ خود سمجھدار ہیں، جس پر ہم نے ان سے لکھ کر دینے کی درخواست کی۔عمر ایوب نے کہا کہ یہ انسٹالڈ حکومت ہے، اور اگر انہوں نے یہ حرکت کی تو وہ بطور اپوزیشن لیڈر چیف جسٹس آف پاکستان کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مجھ پر اعتراض کیا گیا کہ میں بلوچستان پر بات نہ کروں، اگر بلوچستان حکومت کے پاس اختیار ہے تو ایک جلسہ کروا کر دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کر سکتا ہوں۔
اپوزیشن گرینڈ الائنش کا کل ہر صورت قومی کانفرنس کے انعقاد کا اعلان
3