پشاور( ایجوکیشن ڈیسک)وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبے کے طلبہ کے لیے خوشی کی خبر سنا دی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ خیبر پختونخوا کے طلبہ کو مفت لیپ ٹاپ دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پنجاب کے طلبہ کو لیپ ٹاپ دیے جا رہے ہیں تو ہم بھی اتنے فیصد طلبہ کو مفت لیپ ٹاپ فراہم کریں گے۔علی امین گنڈاپور نے پنجاب حکومت کو چیلنج کیا کہ وہ خیبر پختونخوا حکومت کی طرز پر اپنے شہریوں کو مفت صحت کارڈ فراہم کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے اپنی پوری آبادی کو صحت کارڈ پلس فراہم کیا ہے اور اب لائف انشورنس کی سہولت بھی دی جا رہی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ خیبر پختونخوا نے مشکل حالات کے باوجود اپنی آمدن میں 55 فیصد اضافہ کیا ہے، جبکہ پنجاب حکومت کو 12 فیصد سے 55 فیصد تک آمدن بڑھانے کی ضرورت ہے۔وزیراعلی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے خزانے میں 176 ارب روپے کا سرپلس موجود ہے اور یہ واحد صوبہ ہے جس نے آئی ایم ایف کا ٹارگٹ پورا کیا۔ اس کے برعکس، پنجاب حکومت 300 ارب روپے کے سرپلس کے ہدف کو پورا نہیں کر سکی اور الٹا 146 ارب روپے کا خسارہ کیا۔علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت 4 ہزار مستحق بچیوں کی شادیاں کروا رہی ہے اور ہر بچی کو 2 لاکھ روپے دے رہی ہے۔ انہوں نے پنجاب حکومت کو چیلنج کیا کہ ان کی کارکردگی کا موازنہ خیبر پختونخوا کی کارکردگی سے کیا جائے، اور وہ اس پر مناظرے کے لیے تیار ہیں۔
خیبر پختونخوا کے طلبہ کیلیے بڑی خوش خبری
4