اسلام آباد( اباسین خبر)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں ڈیجیٹل کرنسی کو ریگولیٹ کرنے کے لیے مشاورت جاری ہے، اور حکومت اس حوالے سے ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ یہ بات انہوں نے اقتصادی مشاورتی کونسل کے اجلاس کے دوران کہی، جس کی صدارت انہوں نے کی۔ اجلاس میں کونسل ارکان نے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل کے لیے تجاویز پیش کیں، جس پر وزیراعظم نے ان کا خیرمقدم کیا۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ معاشی استحکام فرد واحد کی کوششوں کا نتیجہ نہیں بلکہ یہ پوری ٹیم کی مشترکہ محنت کا ثمر ہے۔ انہوں نے ملک کی پائیدار ترقی کے لیے مزید محنت کا عزم ظاہر کیا اور خطے میں تجارت کو فروغ دینے کے لیے موجودہ صلاحیتوں کا بھرپور فائدہ اٹھانے کا عہد کیا۔شہباز شریف نے کہا کہ حکومت مقامی صنعت کو عالمی مارکیٹ میں مقابلہ کرنے کے قابل بنائے گی، اور صنعت، زراعت، آئی ٹی کی ترقی، روزگار کی فراہمی اور برآمدات میں اضافے کو ترجیحات میں شامل رکھا جائے گا۔ انہوں نے ملک میں گرین ڈیٹا سینٹرز کے قیام پر بھی زور دیا۔وزیراعظم نے ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کی بہتری اور دور دراز علاقوں تک انٹرنیٹ کی رسائی بڑھانے کے لیے اقدامات کرنے کی بات کی تاکہ آئی ٹی برآمدات اور فری لانسرز کی تعداد میں اضافہ ہو سکے۔اجلاس میں شریک شرکا نے کہا کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہو رہی ہے اور حکومت کی معاشی پالیسیوں سے پیداوار میں اضافہ ہو رہا ہے۔ قیمتوں میں استحکام اور برآمدات میں اضافہ حکومتی اقدامات کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کی طرف سے ادارہ جاتی اصلاحات اور کاروباری برادری کے ساتھ باقاعدہ مشاورت کو سراہا۔وزیراعظم نے کہا کہ اس تعمیری گفتگو کو عملی منصوبے میں تبدیل کرنا ہے تاکہ پاکستان کی معیشت مزید مستحکم اور ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔
پاکستان میں ڈیجیٹل کرنسی کو ریگولیٹ کرنے پر مشاورت جاری ہے، وزیراعظم
10