مظفرآباد( اباسین خبر)وزیرداخلہ آزاد کشمیر وقار احمد نور نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارت کی تخریبی کارروائیوں کو بے نقاب کردیا۔مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرداخلہ نے کہا کہ بھارتی فوج اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی بدامنی پھیلانے کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ ایل او سی پر نہتے شہریوں پر بلا اشتعال فائرنگ اور بھارتی تخریبی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے، بھارت ایل او سی پر دھماکہ خیز مواد کی نقل و حمل اور استعمال سے تخریب کاری کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ 2016 سے بھارتی فوج ایل او سی پر آئی ای ڈیز لگانے کا رجحان بڑھا ہے، جس کے نتیجے میں 54 واقعات سامنے آئے ہیں۔ بھارت ان آئی ای ڈیز کا الزام پاکستان پر لگا دیتا ہے۔وقار احمد نور نے مزید کہا کہ بھارتی فوج منشیات اور ہتھیاروں کی سمگلنگ میں بھی ملوث ہے اور اس کا فیک ریکوری آپریشن بھی ناکام ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت فیک کانٹر ٹیررازم کا جھوٹا بیانیہ بناتا ہے، اور بھارتی فوج کے جعلی آپریشنز کا مقصد اپنے جرائم پر پردہ ڈالنا ہے۔وزیر داخلہ نے یہ بھی بتایا کہ بھارتی فوج میں خودکشی کے واقعات میں 17 فیصد اضافہ ہوا ہے اور فوج اپنے جوانوں کے ساتھ غیر امتیازی سلوک کرتی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری کو بھارت کے دہشت گرد ملک ہونے کے حوالے سے آگاہ کیا اور کہا کہ بھارت سویلین آبادی کو نشانہ بنا کر کشمیریوں کے حوصلے پست کرنا چاہتا ہے۔وقار احمد نور نے کہا کہ کشمیر کا فیصلہ کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے۔
وزیرداخلہ آزاد کشمیر نے ایل او سی پر بھارتی تخریبی کارروائیاں بے نقاب کردیں
3