پشاور( اباسین خبر)ضلع کرم کے علاقے بوشہرہ میں اسسٹنٹ کمشنر کرم پر حملے کے دوران زخمی ہونے والا پولیس اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق اہلکار کی شہادت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز اپر کرم میں دو قبائل کے درمیان جنگ بندی کے لیے جانے والے سرکاری قافلے پر فائرنگ کی گئی تھی، جس میں اسسٹنٹ کمشنر کرم منان سمیت تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔ فائرنگ اس وقت کی گئی جب اسسٹنٹ کمشنر امن و امان کی بحالی کے لیے بوشہرہ جا رہے تھے اور فتح کلے سے فائرنگ کا سامنا کرنا پڑا۔پولیس کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر منان کو زخمی حالت میں آپریشن تھیٹر منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کا علاج کیا گیا، تاہم ان کے پیٹ میں گولی لگنے کے باعث انہیں پشاور کے لیے ہیلی کاپٹر کے ذریعے روانہ کیا گیا۔ضلعی انتظامیہ کرم نے علاقے کی سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر حفاظتی انتظامات مزید سخت کر دیے ہیں۔ فائرنگ کا یہ واقعہ جمعہ کی صبح بوشہرہ میں پیش آیا تھا، اور اس وقت انتظامیہ اور پولیس جنگ بندی کے حوالے سے مذاکرات کر رہے تھے۔
کرم میں اسسٹنٹ کمشنر پر ہونے والے حملے میں زخمی پولیس اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید
1