کیلیفورنیا(مانیٹرنگ ڈیسک) اگر آپ فیس بک استعمال کرنا پسند کرتے ہیں تو بہت جلد اس میں چند بڑی تبدیلیاں نظر آئیں گی، یہ بات میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے بتائی۔گزشتہ دنوں 2024 کی چوتھی سہ ماہی کے دوران کمپنی کی کارکردگی کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے مارک زکربرگ نے عندیہ دیا کہ فیس بک میں بڑی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں تاکہ یہ پلیٹ فارم ایک بار پھر ماضی جیسا بہترین محسوس ہو۔انہوں نے کہا کہ فیس بک 3 ارب سے زائد صارفین کی زندگیوں کا ایک اہم حصہ ہے اور اس کو ثقافتی طور پر زیادہ بااثر بنانے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔مارک زکربرگ نے یہ نہیں بتایا کہ کون سی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں لیکن ان کا کہنا تھا کہ یہ پرجوش سال ثابت ہوگا جب ہم پرانے بہترین فیس بک کو واپس لائیں گے۔انہوں نے عندیہ دیا کہ آئندہ 12 ماہ کے دوران کمپنی فیس بک کو مکمل طور پر بدلنے پر توجہ مرکوز کرے گی، اور ان تبدیلیوں کے لیے مختصر المدت کاروباری نتائج کی قربانی دی جا سکتی ہے۔میٹا کے چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران ہم نے اس پر کم توجہ دی، مگر اب ہم اس پر اپنا وقت لگائیں گے۔ مارک زکربرگ کا کہنا تھا کہ فیس بک میں ویڈیوز دیکھنے کے وقت کی شرح ایک سال میں دوگنا ہو چکی ہے اور توقع ہے کہ انسٹاگرام اور فیس بک میں ریلز دیکھنے کی شرح میں مزید اضافہ ہوگا۔
مارک زکربرگ نے فیس بک میں بڑی تبدیلیاں کا عندیہ دے دیا
2