کراچی( اباسین خبر)وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کی کامیابی ہے کہ مہنگائی کو 38 فیصد سے کم کرکے 4 فیصد پر لایا گیا، اور مستقبل میں قیمتوں میں استحکام آئے گا۔مسلم لیگ ن کے رہنما مظفر شجرہ کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ملک کو مشکلات سے نکالنے کی کوششیں جاری ہیں، اور ایٹمی طاقت کے ملک کی قیادت ایسے شخص کے حوالے کی گئی جس نے یونین کونسل بھی نہیں چلائی۔انہوں نے کہا کہ بدانتظامی اور نااہلی کے سبب ملک سنگین بحران کا شکار ہوگیا، تاہم دو سال کی محنت سے عالمی سطح پر معاشی بحالی کے اشارے مل رہے ہیں، اور مہنگائی کا نیا پیمانہ ایک اعشاریہ نو فیصد تک پہنچ چکا ہے۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ملک کی مشکلات کے باوجود ہم بحالی کی کوشش کر رہے ہیں، اور اوورسیز پاکستانیوں نے ترسیلات میں 30 فیصد اضافے کے ساتھ مثبت کردار ادا کیا۔احسن اقبال نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے ان منصوبوں کو ناکام بنایا جو ترسیلات روکنے کے خواہاں تھے، اور اڑان پاکستان کے ذریعے ملک کی معیشت کو تیز رفتار ترقی کی جانب گامزن کرنا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ نوجوانوں کو بہترین تعلیم اور ہنر فراہم کیا جائے، برآمد کنندگان کے لیے رکاوٹیں دور کی جائیں، کیونکہ عالمی سطح پر معیشت کا مقابلہ کرنا ضروری ہے۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ تحریک انصاف وہ کام کر رہی ہے جو کبھی “را” بھی نہ کرسکی، اور پی ٹی آئی عالمی سطح پر پاکستان مخالف لابیز کی حمایت کر رہی ہے۔احسن اقبال نے 2018 میں ہونے والی سازش کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ کردار اب تاریخ کے سامنے ہیں اور اب وہ خود پکڑے جا چکے ہیں۔
مہنگائی کو 38 سے 4 فیصد پر لانا حکومت کی بڑی کامیابی ہے: احسن اقبال
2