کراچی( سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے 2024 کے لیے ہال آف فیم کرکٹرز کا اعلان کر دیا ہے۔سابق کپتان مشتاق محمد، انضمام الحق، سعید انور اور مصباح الحق کو ہال آف فیم میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ چاروں کرکٹرز پاکستان کرکٹ کے لیے نمایاں کارنامے سرانجام دے چکے ہیں۔ اس سے قبل 10 کرکٹرز پہلے ہی ہال آف فیم کا حصہ بن چکے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ کرکٹرز ہمارے سفیر ہیں اور پی سی بی انہیں یہ اعزاز دینے پر فخر محسوس کرتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ چاروں کھلاڑی پاکستان کی کرکٹ کی تاریخ میں ایک خاص مقام رکھتے ہیں۔محسن نقوی نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کے موجودہ کرکٹرز ان عظیم کھلاڑیوں کے نقش قدم پر چلیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خوش قسمتی ہے کہ اس نے ایسے غیر معمولی کھلاڑی پیدا کیے ہیں جنہوں نے عالمی سطح پر اپنی مہارت کا لوہا منوایا۔