پشاور( اباسین خبر)مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ مریم نواز کو بانی پی ٹی آئی عمران خان بننے کی بجائے عوامی مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔مریم نواز کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ مریم نواز بانی پی ٹی آئی جیسا بننے کی ناکام کوشش کر رہی ہیں اور عمران خان شریف خاندان کے اعصاب پر سوار ہیں، جنہیں خواب میں بھی بانی پی ٹی آئی نظر آتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز کو بانی پی ٹی آئی بننے کے بجائے عوامی مسائل پر توجہ دینی چاہیے، کیونکہ پنجاب کا پیسہ عوام پر خرچ ہونے کے بجائے لندن منتقل ہو رہا ہے، جبکہ خیبر پختونخوا میں عوامی پیسہ فلاح و بہبود پر خرچ کیا جا رہا ہے۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ وزیراعلی علی امین گنڈاپور کی قیادت میں خیبر پختونخوا پہلا صوبہ بن چکا ہے جس نے قرض اتارے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ وہ لیڈر جو سردرد کے علاج کے لیے لندن جاتا ہو، وہ عوام کے لیے کیا کر سکتا ہے؟صوبائی مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ چچا اور بھتیجی دونوں وفاقی اور صوبائی خزانے کو لوٹنے میں مصروف ہیں، اور شریف خاندان کے منی لانڈرنگ کے معاملات زبان زد عام ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے کرپشن کے ساتھ لاقانونیت کو بھی فروغ دیا ہے۔
مریم نواز عمران خان بننے کے بجائے عوامی مسائل پر توجہ دیں: بیرسٹر سیف
2